ستھرا پنجاب پروگرام کے بین الاقوامی سطح پر پذیرائی
ساہیوال (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کے بین الاقوامی سطح پر پذیرائی، عالمی جریدے فوربز اور بی بی سی نے کامیاب ماڈل پر خصوصی مضامین شائع اور پروگرام کئےاور اسے دوسرے ملکوں کے لئے قابل تقلید قرار دیا۔ برازیل میں نومبر میں ہونے والی کاپ 30 عالمی کانفرنس میں بھی دوسرے ملکوں کے وفود نے ستھرا پنجاب پروگرام کو سراہا۔ یہ بات ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر افتخار علی نے کمپنی کے بورڈ اجلاس میں بتائی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کی۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، احمد عثمان جاوید، آصف رضا، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، کمپنی سیکرٹری جاوید اقبال، چیف مانیٹرنگ آفیسر محمد آفتاب، سینئر مینجر مانیٹرنگ رضوان احمد مارتھ، ایس ای پبلک ہیلتھ، سی او ایم سی شیخ اشفاق احمد اور بورڈ ممبران پیر احسان الحق ادریس، مسز شاہد مسعود اور اسد خالد نے بھی شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ستھرا پنجاب پروگرام کی عالمی سطح پر پذیرائی کو سراہا اور کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شہروں اور دیہاتوں میں یکساں صفائی کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔ سی ای او افتخار علی نے اجلاس میں بتایا کہ پنجاب حکومت کے فیصلے کے تحت ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو ختم کر کے ضلعی سطح پر ویسٹ مینجمنٹ ایجنسیز قائم کی جا رہی ہیں جو متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت کام کریں گی جس سے فیلڈ سٹاف کی مانیٹرنگ مزید بہتر ہوگی۔ سی ای او افتخار علی نے اجلاس کو مزید بتایا کہ ساہیوال ویسٹ پلانٹ کو آپریشنل کر دیا گیا ہے اور کوڑے کی مختلف سطح پر علیحدگی کا کام جاری ہے جس سے 4 من کمپوسٹ اور 24 من آرگینک ویسٹ روزانہ حاصل ہو رہا ہے۔ کمشنر ساہیوال نے کمپوسٹ کو مختلف اداروں خصوصا محکمہ زراعت اور پی ایچ اے اور کسانوں کو دینے کی ہدایت کی تاکہ اس سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔#