ایف آئی اے اہلکار عامر بزدار پر سنگین الزامات، شواہد منظرِ عام پر
کوٹ ادو / قصبہ گجرات( میاں محمد احمد وٹو) ایف آئی اے اہلکار عامر بزدار پر سنگین الزامات، دباؤ بڑھتے ہی صحافیوں کو دھمکیاں، مبینہ بھتہ خوری کے شواہد منظرِ عام پر ڈیرہ غازی خان میں تعینات مبینہ ایف آئی اے اہلکار عامر بزدار عرف عامر رند کے خلاف سنگین الزامات سامنے آنے کے بعد معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے ذرائع کے مطابق متاثرین کی جانب سے احتجاج اور شکایات میں اضافے کے ساتھ ہی مذکورہ اہلکار شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر صحافیوں کو ہراساں کرنے لگا ہے۔
اطلاعات کے مطابق عامر بزدار کے خلاف متعدد درخواستیں ڈی جی ایف آئی اے، وزیر داخلہ اور وزیراعظم کو ارسال کی جا چکی ہیں، جبکہ ابتدائی سطح پر انکوائریوں کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلکار مبینہ طور پر صحافیوں کو بلیک میل کرنے، دھمکانے اور ان کے خلاف بے بنیاد درخواستیں دائر کرنے میں ملوث ہے، جس کے آڈیو شواہد بھی موجود ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب متاثرہ شہریوں نے صحافیوں کے سامنے قرآن پاک پر حلف دیتے ہوئے اپنے بیانات ریکارڈ کروائے اور ٹھوس شواہد پیش کیے۔ واقعہ منظرِ عام پر آنے کے بعد صحافی برادری نے معاملے کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا، جس کے بعد مبینہ اہلکار کی جانب سے دباؤ اور دھمکیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
مزید برآں ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ عامر بزدار کے مبینہ طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بعض متنازعہ ریٹیلرز کے ساتھ روابط ہیں۔ الزام ہے کہ پروگرام کی مالی ادائیگیوں کے دوران ان ریٹیلرز سے مبینہ طور پر بھتہ/منتھلی وصول کی جاتی رہی، جبکہ عدم ادائیگی پر کارروائی کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس تمام معاملے سے متعلق تصویری، آڈیو اور ویڈیو شواہد متعلقہ اداروں کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ اہلکار کے رویے سے شہری خوف و ہراس کا شکار ہیں اور فوری کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
متاثرین، شہریوں اور صحافی برادری نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ الزامات کا فوری نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کی جائیں اور حقائق ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار اہلکار کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جاۓ ۔۔۔۔۔