پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار
چنیوٹ (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام) تھانہ سٹی کے علاقہ میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس کے مطابق شہری نے ریسکیو نمبر 15 پر اطلاع دی کہ سرگودھا جھنگ روڈ بائی پاس پر تین نامعلوم ملزمان اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے ہیں۔اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ملزمان کا تعاقب شروع کر دیا۔پولیس نے قینجی موڑ کے قریب موٹر سائیکل سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ ملزمان کی فائرنگ سے کانسٹیبل صفدر علی کی بلٹ پروف جیکٹ پر گولی لگی جبکہ سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔پولیس نے حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی کارروائی کی۔فائرنگ رکنے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم راہزنی، چوری، منشیات اور دیگر مقدمات سمیت 25 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال چنیوٹ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔