24 گھنٹوں میں ڈکیتی کے دو ملزمان اسلحہ سمیت گرفتار
مظفر گڑھ / محمود کوٹ (فیاض بشیر )تھانہ سنانواں پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر ڈکیتی میں ملوث دو ملزمان کو اسلحہ اور لوٹی گئی رقم سمیت گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دو مرد اور تین خواتین بذریعہ کار پٹھان ہوٹل سے جا رہے تھے کہ راستے میں کار پر سوار ڈکیتوں نے انہیں اسلحہ کے زور پر لوٹ لیا۔ ملزمان نقد رقم اور قیمتی اشیاء لے کر فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سنانواں عصمت عباس اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے اور مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ ذرائع کی مدد سے ملزمان محمد عنصر اور محمد جواد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک لاکھ 20 ہزار روپے نقدی اور دو عدد پسٹل برآمد کر لیے گئے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید انکشافات کی توقع ہے اور انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی
شہریوں نے تھانہ سنانواں پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ایسی ہی کارروائیاں جاری رہیں