دو نامعلوم خواتین مقامی تاجر احسن سعیدی کے گھر سے چوری کر کے فرار
جلال پور پیر والا(احمد مدنی سے )تھانہ سٹی کی حدود میں چوری کی ایک حیران کن اور افسوسناک واردات پیش آئی، جہاں خیرات مانگنے کے بہانے دو نامعلوم خواتین مقامی تاجر احسن سعیدی کے گھر داخل ہوئیں اور قیمتی موبائل فون، نقدی سے بھرا بٹوا اور زیورات لے کر فرار ہو گئیں۔
یہ واقعہ صبح سویرے اس وقت پیش آیا جب گھر کے افراد نماز کے بعد آرام کر رہے تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ خواتین کتنی مہارت اور اعتماد کے ساتھ گھر میں داخل ہوئیں، موقع کا فائدہ اٹھایا اور بغیر کسی رکاوٹ کے قیمتی سامان چرا کر فرار ہو گئیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ سب کچھ پولیس کی ناک کے نیچے ہو رہا ہے، لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے صرف تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
پولیس کی سستی یا مجرموں کی سرپرستی؟
واردات کے بعد متاثرہ شہری احسن سعیدی نے فوری طور پر 15 پر کال کی، لیکن حسبِ معمول پولیس تاخیر سے پہنچی۔ ایف آئی آر تو درج کر لی گئی، لیکن کیا یہ کافی ہے؟ کیا پولیس کا کام صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہو گیا ہے؟ جلال پور پیر والا میں آئے روز چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہیں، مگر پولیس کی روایتی نااہلی کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پولیس اپنی ذمہ داری ایمانداری سے نبھائے اور ان چوروں کے پیچھے سنجیدگی سے پڑے، تو یہ گروہ زیادہ دیر تک سرگرم نہیں رہ سکتا۔ لیکن افسوس کہ جرائم پیشہ افراد بلا خوف و خطر وارداتیں کر رہے ہیں، اور پولیس صرف بیانات دینے اور فائلوں میں کیس دبانے میں مصروف ہے۔
متاثرہ شہری کا اعلیٰ حکام نے ڈی ایس پی میاں عبدالرؤف اور ایس ایچ او وقار میو سے مطالبہ کیا ہے کہ ان چور خواتین اور ان کے ممکنہ گروہ کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، ورنہ شہریوں کو خود ہی اپنی حفاظت کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ علاقے کے دیگر لوگوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ جلال پور پیر والا پولیس اپنی مجرمانہ غفلت ختم کرے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے، ورنہ عوام کا اعتماد قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل طور پر اٹھ جائے گا۔