کنکشنز منقطع کرنے کیلئے صوبہ بھرمیں آپریشن کا آغاز
کوئٹہ(کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام )کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) نے اْن تمام نادہندگان کے بجلی کنکشنز منقطع کرنے کیلئے آپریشن شروع کردیاہے جواپنے بجلی بلوں کے واجبات ادانہیں کررہے ہیں اور اس سلسلے میں کیسکونے مذکورہ تمام نادہندہ سرکاری محکموں سمیت دیگرنجی اداروں اورزرعی، گھریلوو کمرشل صارفین سے واجبات کی وصولی اور بجلی بلوں کی ادائیگی کیلئے نوٹسز بھی جا ری کر دیئے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے بلوں کی ادائیگی کرسکیں عدم ادائیگی کی صورت میں نا دہندگان کے کنکشنز بلاتفریق منقطع کئے جائیں گے۔اسکے علاوہ صوبہ کے تمام علاقوں میں نادہندہ زرعی صارفین کے کنکشنز بھی منقطع کئے جارہے ہیں۔ وزارت توانائی (پاور ڈویڑن) کی ہدایات کی روشنی میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو انجینئر یوسف شاہ خان نے بجلی بلوں کی وصولی کیلئے صوبائی حکام اورمختلف سرکاری اداروں کے سربراہوں کے ساتھ معاملہ بھی اْٹھا یاہے اور اس ضمن میں تمام آپریشن سرکلز کے افسران و ملازمین کوسختی سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ تمام نادہندگان کے خلاف بلاتفریق کارروائی کرکے اْن کے برقی کنکشنز فوری طورپرمنقطع کردیں اور بقایاجات کی وصولی کے بغیر کسی بھی نادہندہ صارف کے بجلی کنکشنز دوبارہ نہ لگائیں، انہوں نے فیلڈآپریشن افسران کو ہدایت کیں کہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی لہٰذا تمام علاقوں میں کارروائی رپورٹ(روزانہ کی بنیادپر) متعلقہ ریونیوآفیسرزکے ساتھ مرتب کرکے چیف انجینئر (کسٹمرسروسز) کو ارسال کریں۔واضح رہے کہ نادہندہ صارفین اور نادہندہ سرکاری محکموں کی جانب سے بروقت بل اور بقایاجات جمع نہ کرانے کی وجہ سے کیسکوکے مسائل میں اضافہ ہوتاجارہاہے اسکے علاوہ بقایاجات میں اضافہ کے باعث صارفین کیلئے لوڈشیڈنگ جیسے کئی مسائل بھی پیداہورہے ہیں۔ کیسکوچونکہ بذات خود بجلی خریدنے اوربیچنے والی ایک کمپنی ہے جو ادائیگی کے بغیر کسی بھی نادہندہ صارف کو بجلی فراہم نہیں کرسکتی۔لہٰذاصارفین کوبجلی فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ کیسکوخریدی گئی بجلی کی بروقت ادائیگی کریں جوکہ صرف اورصرف بلوں کی وصولیابی سے ہی ممکن ہے۔اسی لئے کیسکو اپنے تمام نادہندہ صارفین سے اپیل کر تی ہے کہ وہ اپنے بل مقررہ وقت پر اداکرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ذمے تمام واجب الادابقایاجات بھی اداکریں، کسی بھی نادہندہ صارف کے کنکشنز منقطع ہونے کی صورت میں کیسکواْن کے کسی بھی زحمت یاپریشانی کی ذمہ دارنہیں ہوگی۔