دو سگے بھائیوں کے قتل کا مقدمہ، مرکزی ملزم کو سزائے موت
لاہور (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام ) لاہور کی سیشن عدالت نے دوہرے قتل کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ملزم برہان رفیق کو دو مرتبہ سزائے موت اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ۔ ایڈیشنل سیشن جج شعیب انور قریشی نے کیس کا 18 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو سخت سزا سنائی جبکہ شریک ملزم ریحان رفیق کو بری کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ استغاثہ کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد ملزم کے خلاف جرم ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں جس کی بنیاد پر سزا سنائی گئی۔ فیصلے کے مطابق مقدمے کے دوران 18 گواہوں نے عدالت میں اپنے بیانات قلمبند کروائے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ٹاؤن شپ میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ دورانِ سماعت یہ ثابت ہوا کہ ملزم برہان رفیق نے عمار شفیق اور ولید شفیق نامی دو سگے بھائیوں کو قتل کیا۔