سنئیر صحافی حافظ شاہد منیر کے گھر پر حملہ کرنے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے :تنویر احمد بٹ
کامونکی(عبدالجبارانصاری سے)فخر صحافت سینئر صحافی حافظ شاہد منیر کے گھر پر حملہ کرنیوالوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو دما دم مست قلندر ہوگا،انتظامیہ غفلت کا مظاہرہ چھوڑ کر ملزمان کو جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔ان خیالات کا اظہار صدر پریس کلب کامونکے(رجسٹرڈ) تنویر احمد بٹ، صدر کامونکی یونین آف جرنلسٹس محمد اقبال چوہدری، صدر الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کامونکے شیخ عبدالناصر، جنرل سیکرٹری پریس کلب کامونکے(رجسٹرڈ)ارشد رشید طور، جنرل سیکرٹری کامونکی یونین آف جرنلسٹس گلفام جٹ، جنرل سیکرٹری الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کامونکے جبران ثاقب مغل، چیئرمین مجلس عاملہ کے یو جے شہباز جاوید سرویا، سیکرٹری انفارمیشن کے یو جے ندیم گجر، ایگزیکٹو ممبر کے یو جے عبدالجبارانصاری اور ممبر کے یو جے چوہدری محمد جاویدانصاری نے گزشتہ روز ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ سینئر صحافی حافظ شاہد منیر کے گھر پر مسلح افراد کی جانب سے حملہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،غنڈہ گرد عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرہ کے مظلوم طبقات کی آواز ہوتے ہیں جو عوامی مسائل کو اجاگر کرتے ہیں اور وسائل کے درست استعمال کے لیے عوامی رائے کو مقتدر افراد تک پہنچانے کا ذریعہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں صحافیوں پر حملے معمول بن چکے جوکہ نہایت خطرناک عمل ہے ایسے عناصر جو غنڈہ گردی میں ملوث ہوں اُنکی حوصلہ شکنی کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہونا چاہیے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سینئر صحافی حافظ شاہد منیر کے گھر فائرنگ میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی جائیں۔