کرائمز

جرائم کی شرح میں کمی پنجاب پولیس کی انتھک کاوشوں کا ثبوت ہے’عمران کشور

لاہور ( کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام )ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور نے لاہور چیمبر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کی انتھک محنت، لگن اور حکمت عملی کی بدولت جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، کاروباری برادری اور عوام کو مکمل تحفظ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد اور سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اجلاس میں سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، سابق نائب صدر عدنان خالد بٹ، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین آمنہ رندھاوا، ملک آصف، احسن شاہد، عمر سرفراز، کرامت علی اعوان، عمران سلیمی اور وقاص اسلم کے علاوہ معروف کاروباری شخصیات میاں طارق نثار ، خواجہ شاہ زیب اکرم، بابر محمود، یوسف شاہ، عمران اصغر اور کرکٹر وہاب ریاض بھی موجود تھے۔ عمران کشور نے پولیس کی جانب سے منظم جرائم کے خلاف کی گئی حالیہ کارروائیوں پر تفصیلات سے آگاہ کرتے ہووے بتایا کہ سال 2024 میں پنجاب پولیس نے 6.25 ارب روپے کی ریکوری کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے اندھے قتل، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، منظم جرائم، منشیات کی اسمگلنگ، سرکاری اسپتالوں سے ادویات چوری اور بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے گزشتہ سال 92 میں سے 88 اندھے قتل کے کیسز حل کیے اور پولیس جوانوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کو بھی گرفتار کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد نے پنجاب پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس اور کاروباری برادری کے درمیان مضبوط تعلقات جرائم کے خلاف کامیابی کی کلید ہیں۔ انہوں نے ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور کی قیادت میں خطرناک مجرموں کی گرفتاری کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں کچھ نوسر باز لاہور چیمبر کے اراکین کو دھوکہ دے کر مالی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی ضرورت ہے۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے لاہور میں بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث امن و امان کے چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ منظم جرائم میں ملوث گروہ جدید طریقے اپنا رہے ہیں، جن میں بعض گروہ خواتین کے ذریعے دھوکہ دہی کی وارداتیں کروا رہے ہیں۔ ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد نے پولیس کے کرائم فائٹنگ سسٹم میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ، ڈرون سرویلنس اور ڈیجیٹل ٹریکنگ ٹیکنالوجیز کے استعمال کو سراہا اور اس سسٹم کو مزید مؤثر بنانے اور کاروباری برادری کی سیکیورٹی کے لیے اسپیشل ٹاسک فورسز میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button