انتہائی خطرناک ڈکیت مبینہ مقابلے میں پار دو ساتھی فرار
شجاع آباد(اظہر تاج قریشی) چوری و ڈکیتی کی 20 سے زائد وارداتوں میں ملوث خانگڑھ کا ڈکیت سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں پار دو ساتھی فرار ، جاں بحق ملزم کی شناخت غلام عباس ولد غلام حسین کے نام سے ہوئی، معاشرے کو پر امن ماحول فراہم کرنا اور جرائم کا خاتمہ کرنا کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ضلع ملتان کی اولین ترجیح ہے، ترجمان سی سی ڈی
تفصیلات کے مطابق
شجاع آباد کے علاقہ بیگاں والی پل کے نزدیک دوران پٹرولنگ سی سی ڈی شجاع آباد سرکل کی ٹیم انچارج علی رضا کی سربراہی میں موجود تھی اسی دوران ان کا ڈاکوؤں سے مبینہ مقابلہ ہوا جس میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔اس حوالے سے سی سی ڈی ملتان کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی کی ٹیم بسلسلہ گشت و سنیپ چیکنگ فلڈ بندنزد بیگاں والی پل موجود تھی، خانپور قاضیاں کی جانب سے آنے والے تین نامعلوم افراد نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کردی جس پر پولیس پارٹی نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت اکا دکاجوابی ہوائی فائر کیے اور ملزمان کو با آواز بلند ہتھیار پھینک کر گرفتاری دینے کا کہا ۔فائرنگ بندہونے پر دیکھا تو ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا،
ہلاک شدہ ملزم کی شناخت غلام عباس ولد غلام حسین سکنہ خان گڑھ کےنام سے ہوئی، ملزم ڈکیتی،سرقہ بالجبر، سرقہ وہیکلز، اور چوری کی 20سے زائد وارداتوں میں ملوث تھا۔ملزم کے دو ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے،جاں بحق ملزم سے ایک سی ڈی موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی جو قطب پور کے علاقے سے چھینی گئی تھی۔ترجمان سی سی ڈی ملتان کا کہنا ہے کہ معاشرے کو پر امن ماحول فراہم کرنا اور جرائم کا خاتمہ کرنا کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ضلع ملتان کی اولین ترجیح ہے۔