امن وامان قائم رکھنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں :رانا طاہر رحمان
چیچہ وطنی(میاں عبدالجبار ) ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر رحمان نے کہا ہے کہ مظلوم سائلین کو انصاف کی فوری فراہمی اور ظالموں کے خلاف کاروائی کو یقینی بنانے اور چوری، ڈکیتی، راہزنی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ قیام امن اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کے لیے قانون کی بالادستی ضروری ہے۔جب قانون پر عملدرآمدکیا جائے گا توخود بخود جرائم کا خاتمہ ہوتا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین ضلعی انجمن صحافیاں میاں محمد ظفررحمانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میاں محمد عمر ظفر بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سماج دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں انکو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ضلع بھر کو جرائم سے پاک کرنا اور عوام کے جان ومال کی حفاظت کرنا میری اولین ترجیح ہے۔ اگر کوئی شخص امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف قانونی کاروائی فوری عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی اپنے ارد گرد کے حالات پر نظر رکھیں اور پولیس کے ساتھ پورا پوراتعاون کریں کیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر جرائم پیشہ عناصرپر قابو پانا ممکن نہیں جبکہ پولیس عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے اور امن وامان قائم رکھنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔