پولیو مہم کے آخری روز فیلڈ میں متحرک ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ
ملتان (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر نے ٹیموں کی حاضری، ویکسین کی دستیابی، کولڈ چین سسٹم، حفاظتی انتظامات اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی۔ انہوں نے والدین سے ملاقات کرکے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی اہمیت سے متعلق آگاہی بھی دی اور عوام سے مہم میں بھرپور تعاون کی اپیل کی۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہی ہیں اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ، ڈیٹا کلیکشن اور کارکردگی رپورٹ سے بھی آگاہ کیا گیا ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے اور تمام یونین کونسلوں میں مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی، مؤثر نگرانی اور ٹیم ورک ناگزیر ہے۔انہوں نے پولیو ٹیموں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ اسٹاف عوامی خدمت کا فریضہ انجام دے رہا ہے اور ان کی کارکردگی ہی پولیو فری پاکستان کے خواب کی تعبیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو سیکیورٹی، سہولیات اور لاجسٹک سپورٹ مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔