اندھے قتل میں ملوث جعلی پیر اور اسکا بیٹاگرفتار
بورے والا (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام) تھانہ ساہوکا پولیس نے اغواء اور اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے جعلی پیر اور اس کے بیٹے کو گرفتار کرلیا۔ ڈی ایس پی رانا محمد عمران ٹیپو کے مطابق گزشتہ روز 36 کے بی کے رہائشی نمبردار کے بھائی شفقت کے اغواء کی اطلاع پر مقدمہ درج کرکے فوری کارروائی شروع کی گئی ،سرچ آپریشن کے دوران نہر کھادر کے قریب مغوی کا جوتا، خون کے قطرے اور گھسیٹنے کے نشانات ملے جس پر پولیس نے نہر بندی کروا کر سرچنگ کی تو مغوی کی نعش نہر سے برآمد ہوگئی، ڈی ایس پی کے مطابق ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال کی ہدایت پر ایس ڈی پی او سرکل بورے والا رانا محمد عمران ٹیپو کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ ساہوکا مرزا حسنین اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے اندھے قتل کا سراغ لگا کر ملزم امداد حسین عرف جعلی پیر اور اس کے بیٹے صائم کو گرفتار کرلیا۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم امداد حسین مقتول شفقت کو ہپناٹائز کرکے رقم ڈبل کرنے کا جھانسہ دیتا رہا اور مختلف اوقات میں اس سے لاکھوں روپے بٹور چکا تھا۔ ملزم مقتول کو یہ بھی کہتا تھا کہ اگر اس نے کسی کو اس بارے میں بتایا تو رقم ڈبل نہیں ہوگی، وقوعہ کے روز بھی ملزم نے مقتول سے 5 لاکھ 60 ہزار روپے وصول کیے، بعد ازاں اسے زہریلی چیز دے کر بے ہوش کیا اور گلے پر تیز دھار آلہ سے وار کرکے قتل کردیا ۔ پھر شناخت چھپانے کیلئے لاش نہر میں پھینک دی ،ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے بہترین کارکردگی پر اہلکاروں کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔