علاقائی خبریں

والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کی جانب سے جشنِ آزادی کی تقریبات

لاہور (آئی این پی) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے پاکستان کا یومِ آزادی قومی جوش و خروش اور رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ منایا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے پاکستان کی 78ویں سالگرہ کو شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریبات کا آغاز دہلی گیٹ پر ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی لاہور اتھارٹی ملیحہ رشید کی قیادت میں پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ سفید اور سبز لباس پہنے شہریوں نے بھرپور جذبے کے ساتھ قومی ترانوں میں ہم آواز ہو کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ بچوں نے بھی جوش و خروش سے شرکت کرتے ہوئے دل کو چھو لینے والے ملی نغمے پیش کیے، جن سے دہلی گیٹ کا تاریخی مقام جذب حب الوطنی سے گونج اٹھا۔ اس برس جشنِ آزادی کا مرکزی موضوع ”معرکہ حق“رکھا گیا جو پاکستان کے پرعزم اور ثابت قدم ،سفر کی عکاسی کرتا ہے۔ والڈ سٹی لاہور اتھارٹی نے اندرونِ شہر کے تمام تاریخی مقامات اور موجودہ دروازوں کو روشنیوں سے سجا کر آزادی کے درخشاں استعارے میں بدل دیا۔14اگست کی صبح ٹھیک 8بجے تمام تاریخی ورثہ کی عمارات پر بیک وقت قومی ترانہ بجایا گیا، جو شہر بھر میں اتحاد اور ہم آہنگی کی علامت بن گیا۔تقریبات کا سلسلہ ایک روز قبل 13اگست کو مسجد وزیر خان کے صحن میں منعقد ہونے والے مشاعرے سے شروع ہوا، جہاں شعرا نے وطن سے محبت پر مبنی خوبصورت کلام پیش کر کے سامعین کو محظوظ کیا۔ یومِ آزادی کے دن شالامار باغ اور دہلی دروازہ سمیت مختلف مقامات پر کیک کاٹنے کی تقریبات بھی منعقد ہوئیں، جن سے آزادی کی خوشیوں میں مزید اضافہ ہوا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی لاہور اتھارٹی محترمہ ملیحہ رشید نے کہا کہ یومِ آزادی صرف ایک جشن نہیں بلکہ ان قربانیوں اور اتحاد کی یاد دہانی ہے جن کے باعث ہمیں اپنا وطن نصیب ہوا۔ اس سال کا موضوع معرکہ حق ہماری مستقل جدوجہد اور ثابت قدمی کی علامت ہے۔ یہ تقریبات وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق منعقد کی جا رہی ہیں تاکہ ورثے، ثقافت اور حب الوطنی کو فروغ دیا جا سکے۔ ان تقریبات کے ذریعے ہم عوام کو ان کی ثقافتی جڑوں سے جوڑنے اور قومی ورثے پر فخر کا جذبہ بیدار کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button