سندھ زرعی یونیورسٹی میں پاک فوج کی حمایت میں ریلی نکالی گئی
،
ٹنڈوجام(محمدشریف)سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام میں پاک فوج کی حمایت میں ای ایم شیخ ہال سے پروڈکشن فیکلٹی تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ملک کے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے جس کی وجہ سے ہماری زمینی، فضائی اور سمندری سرحدیں مکمل طور پر محفوظ ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ جس بھی دشمن نے پاکستان کی طرف بری نظر سے دیکھا چاہے وہ بھارت ہو یا اس کی پراکسی، پاک فوج نے اپنی طاقت، بہادری اور بہتر حکمت عملی کے ذریعے ان کا مقابلہ کیا ہے اور وہ اس وقت بھی دشمن کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے میں مصروف ہے، انہوں نے کہا کہ آج کل جنگیں ٹیکنالوجی کے ذریعے لڑی جارہی ہیں، اس لیے ہمارے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کریں تاکہ وطن عزیز کی بہادر فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو سکیں. اس موقع پر اسٹوڈنٹ ٹیچر انگیجمنٹ پروگرام کے انچارج پروفیسر ڈاکٹر محمد اسماعیل کنبھر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت سے لے کر دہشت گردی تک دشمن کی ہر چال کو پاک فوج نے ناکام بنا کر پاکستان کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کا بچہ بچہ اپنی فوج کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم پاکستان کی بحری، فضائی اور زمینی افواج کے ہر قدم پر ساتھ نبھانے کا عزم کرتے ہیں اور اپنے وطن اور وطن کے بہادر فوجی جوانوں کے لیے دعا گو ہیں، ریلی میں رجسٹرار غلام محی الدین قریشی، مختلف فیکلٹیوں کے ڈین ڈاکٹر اعجاز علی کوھارو، پروفیسر ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر، ڈاکٹر عبدالمبین لودھی، ڈاکٹر منیر منگریو، ڈاکٹر غیاث الدین شاہ، ڈائریکٹر فنانس سید فدا حسین شاہ، ڈائریکٹر اسپورٹس انور حسین خانزادہ، پروفیسر ڈاکٹر احمد نقی شاہ، فہد نظیر کوسو، نصرت علی چانڈیو سمیت اساتذہ، ملازمین، افسران، طلبہ اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی