لیگی قیادت نے پاکستان کو آج باوقار ملکوں کی صف میں لاکھڑا کیا ہے‘ ملک افضل کھوکھر
لاہور( آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر نے کہا ہے کہ لیگی قیادت نے دن رات محنت کر کے پاکستان کو آج باوقار ملکوں کی صف میں لاکھڑا کیا ہے ، دنیا اب پاکستان کے مثبت کردار کے بغیر ایک قدم نہیں چل رہی ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ میاں محمد نواز شریف کے دور حکومت میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا ، ترقی و خوشحالی کا ایسا دور شروع ہوا جسکی تاریخ میں مثال نہ مل سکے گی مگر سازش کرکے نہ صرف میاں نواز شریف کو ہٹایا گیا بلکہ پاکستان کی ترقی روک دی گئی تاہم جہاں سے میاں نواز شریف کے دور کی ترقی خوشحالی رکی تھی وہیں سے میاں شہباز شریف نے ہمت ،حوصلہ اور بہادری سے دن رات کی محنت سے ترقی کا دور شروع کیا اور پھر قابل تعریف خوشحالی کا دور شروع کرکے پاکستان کو آج باوقار ملکوں کی صف میں لاکھڑا کیا ہے ، دنیا اب پاکستان کے مثبت کردار کے بغیر ایک قدم نہیں چل رہی ۔ امریکی صدر سے لیکر ہر سربراہ پاکستان کی تعریف کرنے پر مجبور ہے ۔ ملک افضل کھوکھر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ، آرمی چیف سید عاصم منیر اور پاکستانی قوم ایک پیج پر ہیں اور پاکستان انشااللہ ترقی خوشحالی کے اس دور میں داخل ہونے جارہا ہے کہ دنیا مانے گی اب کسی ایسے شخص کی گنجائش نہیں جو قوم کو مہنگائی ،بے روزگاری کی دلدل میں دھکیلے ۔ انہوںنے کہا کہ قوم ان چہروں کو پہچان چکی جن کا مقصد عوام اور پاکستان کی تباہی تھا انکا ایجنڈا غیر ملکی تھا۔