صفدرآباد: سخت سیکیورٹی میں12 محرم الحرام کا مرکزی جلوس پُرامن طور پر اختتام پذیر
صفدرآباد ( حافظ عثمان غنی) صفدرآباد میں 12 محرم الحرام کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کے سائے میں حسبِ روایت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ مرکزی جلوس برآمد ہوا، جو پُرامن طور پر اختتام پذیر ہو گیا۔ جلوس میں شہر و نواحی علاقوں سے آئے ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی اور نواسۂ رسول حضرت امام حسینؑ و شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔جلوس کی قیادت علم، ذوالجناح اور تعزیے کے ہمراہ کی گئی، جب کہ راستے بھر نوحہ خوانی، ماتم اور ذکرِ شہادت کا سلسلہ جاری رہا۔ عزاداروں کے لیے مختلف مقامات پر سبیلیں، لنگر اور طبی کیمپ بھی قائم کیے گئے۔سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے جن کی نگرانی ڈی ایس پی سرکل صفدرآباد، ایس ایچ او صفدرآباد، اسپیشل برانچ، سول ڈیفنس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کر رہے تھے۔ جلوس کے روٹس پر کلوز سرکٹ کیمرے نصب کیے گئے، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کی گئی اور رضا کار بھی الرٹ رہے۔جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اپنی آخری منزل پر اختتام پذیر ہوا، جہاں خصوصی دعاؤں اور سلام عقیدت کے ساتھ شہدائے کربلا کو یاد کیا گیا۔شرکاء اور شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، سول ڈیفنس، اسپیشل برانچ، رضاکار تنظیموں اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار افراد کا شکریہ ادا کیا جن کی محنت اور بھرپور تعاون سے جلوس کا پُرامن اور منظم انعقاد ممکن ہوا۔