پنجاب ہائی وے پٹرول پوسٹ سوہدرہ کا دورہ
سوہدرہ، وزیر آباد/چیئرپرسن وزیراعلی پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر بابر علاؤالدین ستارہ امتیاز ملٹری (ر) نے سیلاب سے متاثرہ پنجاب ہائی وے پٹرول پوسٹ سوہدرہ کا بھی دورہ کیا، جہاں پانی داخل ہونے سے پوسٹ کی معمول کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔
اس موقع پر بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے متاثرہ پوسٹ کا تفصیلی معائنہ کیا اور عملے سے بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اپنے سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو بھی ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ اپنے فرائض دلجمعی سے ادا کر سکیں۔
انہوں نے ہائی وے پٹرول کے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل اور کٹھن حالات میں آپ کی ڈیوٹی صرف ایک ذمہ داری نہیں بلکہ عوام کے لیے ڈھارس اور تحفظ کی علامت ہے۔ آپ کا جذبہ خدمت دوسروں کے لیے مثال ہے اور یہی عزم آپ کو عوام کی دعاؤں اور اعتماد کا حق دار بناتا ہے۔
بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے کہا کہ یہ آپ کا حوصلہ اور فرض شناسی ہے جو مشکل گھڑیوں میں بھی قانون کی بالادستی اور عوامی تحفظ کو یقینی بناتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت نکاسی آب اور سہولیات کی فوری بحالی کو یقینی بنائے گی تاکہ اہلکار بہترین ماحول میں اپنی خدمات انجام دے سکیں