اقبالؒ کا پیغامِ خودی نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہے:محبوب خان
رحیم یارخان(نامہ نگار ) حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ کا پیغامِ خودی نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہے‘ نوجوان علامہ اقبال کے فلسفہ خودی کو سمجھ کر اپنے اندر اعلیٰ خصوصیات پیدا کریں‘اقبالؒ نے ہمیں یہ پیغام دیا کہ قوموں کی زندگی ایمان‘ اتحاد‘ علم اور عمل سے بنتی ہے‘ اگر ہم اقبالؒ کے تصورِ خودی اور ان کے پیغامِ عمل پر سچے دل سے عمل کریں تو پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ اور باوقار ممالک کی صف میں کھڑا کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کااظہار آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن وآل گورنمنٹ ایمپلائزگرینڈالائنس کے عہدیداران محبوب خان‘ فاروق خان گوپانگ‘ میاں اکرام الحق‘ حسن رندھاوا‘ چوہدری محمدایوب‘ مرزا سرورثانی‘ ریاض احمدجتالہ اور جام مجاہداحمد نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اقبالؒ کے فکر و فلسفے کو صرف کتابوں تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنی زندگیوں میں نافذ کریں‘ اقبالؒ کا تصورِ پاکستان دراصل ایک ایسی مملکت کا خواب تھا جہاں عدل‘ علم‘ انصاف اور مساوات کا بول بالا ہو‘ ہمیں اس خواب کی تکمیل کیلئے اجتماعی طور پر کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اقبالؒ کے افکار پر عمل کی توفیق دے‘ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس عطا فرمائے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں اقبالؒ و قائدؒ کے خوابوں کی ریاست بنائے۔