کسووال شہر میں بلا جواز چالانوں اور ناکہ بندیوں سے شہری و تاجر شدید پریشان
کسووال (فرحان عباس قریشی) کسووال شہر میں ٹریفک پولیس، پٹرولنگ پولیس اور پنجاب پولیس کی جانب سے شہر کے چاروں اطراف مستقل ناکہ بندیوں اور بلا جواز چالانوں نے شہریوں اور تاجر برادری کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر لگائے جانے والے ناکوں کے باعث نہ صرف شہریوں کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا ہے بلکہ شہر کے بازار بھی ویرانی کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔تاجر برادری کا کہنا ہے کہ شہر میں داخل ہونے یا باہر جانے والے ہر فرد کو بلا امتیاز روکا جا رہا ہے، معمولی نوعیت کی غلطیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں جبکہ بعض مقامات پر شہریوں کو بلا وجہ ہراساں بھی کیا جا رہا ہے۔ اس صورتحال کے باعث خریداروں نے بازاروں کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ چکی ہیں اور روزگار سے وابستہ افراد شدید معاشی مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ قانون کے نفاذ کے نام پر عوام سے جرمانے وصول کرنے کو ترجیح دی جا رہی ہے جبکہ ٹریفک قوانین پر آگاہی اور اصلاح کی کوئی سنجیدہ کوشش نظر نہیں آتی۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر مقصد واقعی قانون کی پاسداری ہے تو شہریوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے، نہ کہ شہر کو ناکہ بندیوں کا مرکز بنا کر عوام کا معاشی استحصال کیا جائے۔کسووال کے عوام اور تاجر برادری میں اس صورتحال پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس سنگین معاملے کا نوٹس لیں، بلا جواز چالانوں اور غیر ضروری ناکہ بندیوں کا سلسلہ بند کروائیں تاکہ شہر کی کاروباری اور سماجی زندگی دوبارہ معمول پر آ سکے۔