فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم کا فروغ ناگزیر ہے:محمد علی
گوجرانوالہ ( ) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن چئیر مین بورڈ آف ٹرسٹیز اینڈ بورڈ آف گورنرز کیو ڈی پی ایس محمد علی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم کا فروغ ناگزیر ہے، کیونکہ عملی مہارتیں ہی کامیاب مستقبل کی بنیاد فراہم کرتی ہیں۔
وہ قائداعظم ڈویژنل پبلک سکول کے بورڈ آف ٹرسٹیز اینڈ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد ہمراہ تھے جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن خالد ارشد مرزا ،اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد فرقان ،دائریکٹر کالجز پروفیسر امان اللہ راٹھور ،پرنسپل ادارہ ساجد جمال خاں،ممبران رحمان الحق و دیگر بھی موجود تھے۔
کمشنر محمد علی نے کہا کہ سیلانی فاؤنڈیشن کراچی کے تعاون سے طلبہ کے لیے مختلف اسکل ڈویلپمنٹ کورسز متعارف کروائے جائیں گے تاکہ انہیں عملی زندگی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صرف نصابی تعلیم کافی نہیں بلکہ ہنر مندی ہی ترقی اور کامیابی کی اصل ضمانت ہے۔
انہوں نے اساتذہ کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے “بیسٹ ٹیچر ایوارڈ” شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔ اس پروگرام کے تحت ہر ماہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے استاد کو نقد انعام دیا جائے گا جبکہ ان کی تصویر بث کلاس روم میں آویزاں کی جائے گی۔ کمشنر نے کہا کہ اس اقدام سے اساتذہ میں مثبت مسابقت کو فروغ ملے گا اور تدریسی نظام مزید مؤثر ہوگا۔
کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے بتایا کہ طلبہ کو صاف اور معیاری پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سکول میں جدید فلٹریشن پلانٹ نصب کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں تدریسی عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اساتذہ کو کروم بکس فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
انہوں نے طلبہ کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے “آؤٹ آف لرننگ” سرگرمیوں کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں بھی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
کمشنر محمد علی نے سکول کے سرسبز ماحول اور پودوں کے تحفظ کے لیے ماہر کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ طلبہ میں ماحول دوست شعور کو فروغ دیا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جدید تعلیمی اصلاحات کے ذریعے طلبہ کو معیاری تعلیم، عملی مہارتوں اور خوداعتمادی سے آراستہ کر کے انہیں ایک باصلاحیت اور خودمختار شہری بنایا جائے گا۔