مدینہ منورہ کے نبرز ہوٹل میں ایک پُر وقار اور روحانی محفل میلاد کا انعقاد
مدینہ منورہ (کاشف حسین سے )مدینہ منورہ کے نبرز ہوٹل میں ایک پُر وقار اور روحانی محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ اس مبارک محفل میں بڑی تعداد میں عاشقان رسول ﷺ نے شرکت کی اور حضور نبی کریم ﷺ کی ذات اقدس سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت خواں حضرات نے حضور ﷺ کی شان میں مدح سرائی کی۔ نعت خوانی کے دوران سامعین روحانی جوش و خروش کے عالم میں جھومتے رہے اور نعرہ تکبیر و رسالت کی صدائیں بلند کرتے رہے۔ حضور ﷺ کے فضائل اور سیرت مبارکہ پر علما نے ایمان افروز خطابات بھی کیے، جس میں انہوں نے مسلمانوں کو حضور ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تاکید کی۔محفل میں شریک علما نے خاص طور پر میلاد النبی ﷺ کی فضیلت اور اس کے منانے کے اسلامی پس منظر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے ہدایت اور رحمت کا پیغام ہے اور اس دن کو جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منانا ایک بڑی سعادت ہے۔اس موقع پر نبرز ہوٹل میں رہائش پزیر عمرہ کرنے آئے منور حسین نے محفل کے بہترین انتظامات کیے تھے، اور شرکاء کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ محفل کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔