علاقائی خبریں

جرمانوں میں 10 گنا تک اضافہ، کم عمر ڈرائیورز پر والدین کے خلاف مقدمات

کہروڑپکا( حسنین خان رند)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت حالیہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے جن میں جرمانوں میں 10 گنا تک اضافہ، کم عمر ڈرائیورز پر والدین کے خلاف مقدمات، خطرناک انداز میں سامان لے جانے والی گاڑیوں کی بندش، ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ پر فوری قانونی کارروائی شامل ہیں۔ ان احکامات پر فوری عملدرآمد کے لیے ڈی ٹی او لودھراں احمد خان کی زیر صدارت ٹریفک سٹاف کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام اہلکاروں کو نئے احکامات سے آگاہ کیا گیا اور مؤثر کارروائی کی ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈی ٹی او احمد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر بھاری جرمانے عائد ہوں گے۔ خراب یا بند ہیڈ لائٹس کے ساتھ گاڑی چلانے پر سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ بڑے روڈز کے اطراف میں سامان سے لدی ٹرالیاں کھڑی کرنے پر مکمل پابندی ہو گی۔ ٹریفک پولیس کو پانچ کیٹگریز میں تقسیم کیا جارہا ہے جن میں انفورسمنٹ، ریگولیشن، ایجوکیشن، لائسنسنگ اور پبلک سروس شامل ہیں جبکہ تمام اہلکاروں کو باڈی کیمرے بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ حادثات میں کمی اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کیا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button