منشیات کیس میں ملزم کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کرنے کا حکم
اسلام آباد (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام ) انسدادمنشیات کی خصوصی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن کی عدالت نے منشیات کیس میں ملزم کو عدم ثبوت کی بناپر بری کرنے کا حکم سنادیا۔پیر کو تھانہ اے این ایف راولپنڈی میں درج مقدمہ کی سماعت کے دوران ملزم سید آغا حسین کی جانب سے دانش اکبر خان ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے اور موقف اختیارکیا کہ ملزمان کو شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہےاور بعد ازاں جھوٹا کیس بنایا گیا، ملزم کا مبینہ منشیات سے کوئی سروکار نہیں ، منشیات مقدمات میں پراسیکیوشن اپنا کیس بغیر کسی شک و شبہ ثابت کرنے کی پابند ہے جو کہ وہ نہ کرسکی، نامزد ملزم کا کسی قسم کا کریمنل ریکارڈ نہ ہے ۔دلائل سننے کے بعد عدالت نے بریت کا حکم جاری کر دیا۔یاد رہے کہ ملزم پر تھانہ اے این ایف راولپنڈی میں درج مقدمہ نمبر 197/2024 میں 2 کلو آئس اور 100 گرام کوکین سمگلنگ کا الزام تھا۔