جوا کھیلنے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 6 ملزمان گرفتار
رحیم یار خان (میاں ارشاد احمد) رحیم یار خان میں پولیس نے جوا کھیلنے والوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 7 میں سے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ یہ کارروائی تھانہ صدر کی حدود میں چک 72 این پی کے علاقے میں کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کو مخبر کے ذریعے اطلاع ملی کہ چک 72 این پی میں گھروں کے پیچھے ایک خالی پلاٹ میں چند افراد تاش پر جوا کھیل رہے ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر چھاپہ مارا۔
چھاپے کے دوران پولیس نے 7 افراد کو جوا کھیلتے ہوئے پایا، جن میں سے 6 ملزمان کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے تاش اور داؤ پر لگی ہوئی رقم برآمد کر لی اور تمام شواہد تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف پنجاب پریوینشن آف گیمبلنگ آرڈیننس 1978 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔