کامونکی :مختلف وارداتوں میں لاکھوں روپے نقدی اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا
کامونکی(شاہد انصاری سے ) ڈکیتی کی چھ مختلف وارداتوں میں لاکھوں روپے نقدی اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔گذشتہ رات واہنڈوکے موٹر سائیکل سوار سفیان سے موضع لالو پور کے قریب دو ڈاکو پانچ ہزارروپے اوردو موبائل فون چھین کر لے گئے۔حبیب پورہ کے شیراز کے گھر داخل ہوکر تین ڈاکو اسلحہ کے زور پر اُسکے اہلخانہ کو یرغمال بناکر ایک لاکھ چالیس ہزارروپے،طلائی زیورات اور موبائل فونز وغیرہ لوٹ کر فرار ہوگئے۔گوجرانوالہ کے رکشہ سوار اقبال سے جی ٹی روڈ چیانوالی ٹول پلازہ کے قریب دو ڈاکو چھیاسی ہزارروپے،دو موبائل فون اور گرم پارچات چھین کر لے گئے۔نادرا آفس کے قریب نجی ٹاؤن کا رضوان اپنی سوسائٹی کے مرکزی گیٹ پر کھڑا تھا کہ موٹر سائیکل سوار دو ڈاکو اُس سے اٹھارہ ہزارروپے چھین کر فرار ہوگئے۔موضع ماڑی ٹھاکراں کے ریاض سے کھوت روڈ پر دو ڈاکو بیس ہزارروپے چھین کر لے گئے۔جبکہ شیش محل روڈ کے عدنان حمزہ قصاب سے انڈر پاس کے قریب موٹر سائیکل سوار دو ڈاکو پانچ لاکھ بیس ہزارروپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔پولیس نے مقدمات درج کرلیے ہیں۔