رجسٹریشن کلرک پر جعلی طلاق جاری کرنے کا الزام
جتوئی (ملک یوسف نزیر) میونسپل کمیٹی جتوئی کے رجسٹریشن کلرک پر جعلی طلاق جاری کرنے کا الزام، اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تفصیل کیمطابق میونسپل کمیٹی جتوئی کے رجسٹریشن کلرک محمد کلیم کے خلاف بیوہ خاتون کے نام پر مبینہ طور پر جھوٹی طلاق جاری کرنے کے الزام میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔صائمہ حضور بخش بیوہ غلام یاسین کمبوہ نے اینٹی کرپشن حکام کو درخواست دی کہ ان کے نام پر جعلی طور پر طلاق نامہ جاری کیا گیا ہے، حالانکہ وہ بیوہ ہیں اور ان کا شوہر غلام یاسین کمبوہ پہلے ہی وفات پا چکا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ میونسپل کمیٹی جتوئی کے رجسٹریشن کلرک محمد کلیم نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ریکارڈ میں ردوبدل کیا اور ایک ایسی طلاق درج کر دی جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ شکایت موصول ہونے پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے معاملے کی ابتدائی تحقیقات کیں جس میں الزامات کے شواہد سامنے آنے پر محمد کلیم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا۔ بعد ازاں ملزم کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری ریکارڈ میں جعلسازی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور اگر مزید افراد اس میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔