ایس او پیز کے تحت پتنگ بازی کی اجازت ہوگی، ایس پی سٹی
لاہور(کر ائم رپو رٹر) لاہور پولیس کے ایس پی سٹی بلال احمد نے بسنت کے حوالے سے شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کر دیں۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ حکومت نے بسنت منانے کی اجازت صرف 6سے 8فروری تک دی اور اس دوران بھی صرف ایس او پیز کے مطابق پتنگ بازی کی اجازت ہوگی۔ ایس پی سٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ چھتوں پر ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ اور دیگر غیر قانونی اقدامات کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ایس پی سٹی بلال احمد نے بتایا کہ بسنت کے دوران چھتوں اور عمارتوں کے مالکان کے شورٹی بانڈ بھی جمع کروائے گئے ہیں تاکہ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیمیکل ڈور اور تندی دھاتی اقسام کی ڈور کے استعمال کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایس پی سٹی کے مطابق یکم فروری سے پتنگ اور ڈور کی خرید و فروخت صرف متعلقہ رجسٹرڈ سیلرز کر سکیں گے، جبکہ غیر رجسٹرڈ فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بسنت کی اجازت صرف لاہور تک محدود ہے اور دیگر اضلاع میں بسنت کی اجازت نہیں دی گئی۔