طویل لوڈشیڈنگ، شہریوں کا جینا دوبھر مچھروں کی یلغار
شجاع آباد (اظہرتاج قریشی) شجاع آباد میں رات کے اوقات میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے بجلی کی بار بار بندش کے باعث جہاں عوام شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں، وہیں مچھروں کی بہتات نے بچوں، بوڑھوں اور جوانوں کو بلبلا کر رکھ دیا ہے شجاع آباد کے عوامی و سماجی حلقوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شجاع آباد پریس کلب کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پوری رات ہر ایک سے ڈیڑھ گھنٹے بعد بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہتی ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے شہریوں کا کہنا تھا کہ گندم کی کٹائی اور موسم کی تبدیلی کے باعث مچھروں کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، اور جیسے ہی بجلی بند ہوتی ہے مچھروں کے حملے شروع ہو جاتے ہیں، جس سے نیند آنا ناممکن ہو جاتا ہے انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو علاقے میں ملیریا جیسی خطرناک بیماری پھیل سکتی ہے
عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رات کے وقت لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے اگر توانائی کی بچت ناگزیر ہے تو دن کے اوقات میں باقاعدہ شیڈول کے تحت لوڈشیڈنگ کی جائے تاکہ شہری رات کے وقت سکون کا سانس لے سکیں