بجلی چوروں کیخلاف زیروٹالرنس کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں، آئی جی
لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس کا بجلی چوروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوری میں ملوث 61 ہزار 540 افراد کو گرفتار کیا گیااور بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف 99572 مقدمات درج کئے گئے۔ 60278 مقدمات کے چالان مکمل کرکے جمع کروائے گئے جبکہ 8424 بجلی چوروں کو سزائیں دلوائی گئیں۔ صوبائی دارالحکومت میں ہونے والے کریک ڈاؤن بارے ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 32057 بجلی چور گرفتار ہوئے اور 31559 مقدمات درج کئے گئے لاہور میں 8722 مقدمات کے چالان جمع کروائے گئے جبکہ باقی پر قانونی کاروائی جاری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کیخلاف زیرو ٹالرنس کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں پولیس ٹیمیں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن میں الیکٹرسٹی کمپنیوں کو بھرپور سپورٹ جاری رکھیں۔