تین سالہ الیزہ بی بی ڈینگی وائرس میں مبتلا ہو کر جان کی بازی ہار گئی
کلر سیداں (مرزاعتیق الرحمن)کلر سیداں کے نواحی علاقہ دوبیرن کلاں کے گاؤں کنڈ میں تین سالہ الیزہ بی بی ڈینگی وائرس میں مبتلا ہو کر جان کی بازی ہار گئی جسے گزشتہ روز آبائی قبرستان کنڈ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ڈی ڈی ایچ او کلر سیداں ڈا؎کٹر فرحت ابراہیم کے مطابق الیزا کو معمولی بخار ہونے پر اسے کلر سیداں کے ایک نجی ہسپتال لایا گیا جہاں اس کا ایچ بی کم اور پلیٹلٹس نارمل رینج سے کم تھے جس کے بعد والد نے اسے فوجی فاؤنڈیشن راولپنڈی ہسپتال میں داخل کروا دیا جہاں سے اس کا ڈینگی ٹیسٹ پازیٹو آنے کے چند دن بعد انتقال کر گئی۔محکمہ صحت کلر سیداں کے مطابق متاثرہ فیملی کے گھر کے اندر اور باہر سے تین تین ڈینگی لاروا بھی برآمد ہوئے ہیں۔دریں اثناء چوآ خالصہ کی 60سالہ (ر) بیگم جو فوجی فاؤنڈیشن راولپنڈی میں زیر علاج ہے میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، متاثرہ خاتون عرصہ چھ سال سے کینسر کی مریضہ بھی ہے۔ادھر یوسی کنوہا کے نواحی علاقہ سہوٹ میں چند ایام قبل شفقت بٹ کی بیٹی بھی ڈینگی وائرس کے باعث انتقال کر گئی ہے تا ہم محکمہ صحت کلر سیداں نے اس کی تصدیق نہیں کی۔