قوانین کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے : ڈاکٹر فرحان فاروق
بہاول پور( کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام )ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق نے ٹریفک مینجمنٹ بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاہے کہ شہر کی مصروف چوراہوں کو کشادہ کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ان کے ساتھ موجود سروس روڈ کو بہتر بنایا جائے تاکہ ٹریفک کے مسائل کم کیے جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے اور سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور اس سلسلہ میں دستیاب وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرتے ہوئے ٹریفک مینجمنٹ پالیسی وضع کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کی تعمیر وترقی، سرسبز و شاداب بنانے اور بے ہنگم شہری پھیلاؤ اور ٹریفک کے مسائل پہ قابو پانے کے لیے متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی سے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تمام امور شاندار انداز میں مکمل کئے جائیںاور بہتر منصوبہ بندی کے تحت کام کیا جائے اور غیر قانونی تعمیرات کوبھی فوری طور پر روکا جائے تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو اور شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں رہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پویس آفیسرمحمد حسن اقبال نے کہا کہ والدین کم عمر بچوں کو گاڑی، موٹر سائیکل چلانے کی ہرگز اجازت نہ دیں۔بغیر لائسنس، تیز رفتاری سے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے اورشہریوں میں محفوظ ڈرائیونگ کا شعور اجاگر کرنے کیلئے ہر سطح پر آگاہی مہم چلائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے ٹریفک قوانین کی پاسداری کا عمل یقینی بنائیں۔بہاول پور ضلع میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے مربوط وموثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ اوورلوڈنگ،کم عمر بغیر لائسنس ڈرائیونگ، پھٹہ رکشہ ڈرائیور اور ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف سخت گیر ایکشن لیا جائے اور انکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور سٹی،اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور صدر،ڈی ایس پی ٹریفک سمیت دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔