لاہور : تین لاکھ15ہزار669 ٹن آلائشیں اٹھانے کا نیا ریکارڈ
لاہور (اسٹا ف رپورٹر ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر بڑی عید پر پنجاب کا سب سے بڑا کلین اپ آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ تین دن میں 3 لاکھ 15 ہزار 669 ٹن آلائشیں اٹھانے کا نیا ریکارڈ بن گیا۔ پنجاب کے 9 ڈویڑنز میں گزشتہ بڑی عید کے مقابلے میں حالیہ عید کے تین دن میں 74 فیصد زیادہ آلائشیں اور گندگی اٹھائی گئی۔ لاہور میں سب سے زیادہ 78 ہزار 771 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں۔ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ گوجرانولہ ڈویڑن سے 39 ہزار 290 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں۔ تیسرے نمبر پر فیصل آباد سے 38 ہزار 50 ٹن، ملتان سے 36 ہزار 361 ٹن، بہاولپور سے 31 ہزار 735 ٹن اور سرگودھا ڈویڑن سے 26 ہزار 136 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں۔ راولپنڈی ڈویڑن سے 25 ہزار 889 ٹن، ساہیوال سے 20 ہزار 821 ٹن اور ڈیرہ غازی خان سے 18 ہزار 616 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں۔ ایک لاکھ 43 ہزار 429 لیٹر فینائل، 30 ہزار 563 لیٹر عرق گلاب استعمال ہوا جبکہ 29 لاکھ 87 ہزار 268 کلوگرام چونے کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ موصول ہونے والی مجموعی 12ہزار شکایات میں سے 11 ہزار 880 شکایات فوری حل کی گئیں۔ پنجاب حکومت نے عید قربان پر ایک کروڑ 19 لاکھ 71 ہزار سے زائد مفت بیگز تقسیم کئے۔ ایک ہزار 684 قربان گاہیں، 816 ڈمپ سائیٹس، 3970 یونین کونسل کیمپس لگائے گئے۔ بعض علاقوں میں تخمینے سے زیادہ اور بعض میں تخمینے سے کم آلائشیں جمع ہوئیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے حالیہ عید پر گزشتہ عید کا اپنا ہی ریکارڈ توڑنے پر تمام اداروں کو شاباش دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کو لگن اور محنت سے کام کرنے پر10 ہزار روپے بطور انعام اور شکریہ کے دے گی۔