لاہور : 37 لاکھ 26 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری
لاہور (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں پنجاب پولیس پبلک سروس ڈلیوری اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے جس کے تسلسل میں رواں سال کے دوران 37 لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 54 لاکھ 45 ہزار سے زائد چالان اور 03 ارب 33 کروڑ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔ اسی طرح دھواں چھوڑنے والی 02 لاکھ 28 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے گئے ، 19 ہزار سے زائد کو تھانوں میں بند کیا گیاجبکہ دھواں چھوڑنے والے 176 گاڑیوں کے فٹنس سرٹفیکیٹ ضبط کیے گئے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھی جائیں۔ٹریفک چالانوں کے نادہندگان سے ریکوری کیلئے مئوثر اقدامات کیے جائیں۔انھوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے 127 ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز میں شہریوں کو ٹریننگ بھی دی جارہی ہے۔ڈرائیونگ ٹریننگ سنٹرز میں شہریوں کو روڈ سیفٹی، ڈرائیونگ لائسنسنگ اور ٹریفک ایجوکیشن کے حوالے سے آگاہی دی جارہی ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور ڈرائیور شہریوں کے پاس لائسنس کی موجودگی انتہائی اہم ہے۔لرنر، ریگولر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، لرنر لائسنس اور ڈوپلیکیٹ لائسنس کیلئے شہری آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔