ڈیم میں ڈوبنے ،فائرنگ واقعات میں 2افراد جاں بحق
کوہاٹ(کرائمز پوائنٹ ڈا ٹ کام ) کرک میں ڈیم میں ڈوبنے اور فائرنگ کے الگ واقعات میں دو افراد موت کی آغوش میں چلے گئے۔ ریسکیو1122 کرک کے مطابق تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کے علاقہ خرم محمدزئی میں منگل کے روزفائرنگ کے نتیجے میں عالمگیر نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ریسکیو1122 نے پوسٹ مارٹم کے لئے لاش تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بانڈہ داؤدشاہ منتقل کردی۔ پولیس سٹیشن خرم نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ۔ادھر ابتدائی اطلاع کے مطابق کرک کی حدودمیں واقع مشہور زیبی ڈیم میں ذیشان نامی اٹھارہ سال نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو1122 اور مقامی لوگوں نے ڈیم میں ڈوب کر جاں بحق نوجوان کی تلاش شروع کردی ہے تاہم شام پانچ بجے تک لاش نہیں نکالی جاسکی تھی۔ واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے عیدالاضحی کے موقع پر ڈیم میں نہانے پر پابندی عائد کررکھی تھی ۔