نمازجنازہ کے دوران خونریز تصادم ،فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق
کوہاٹ(کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام )کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کے نواحی علاقہ تولنج جدید میں نمازجنازہ کے دوران خونریز تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم (2) افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔جاں بحق ہونے والوں میں انتقال کرنے والاکا بیٹا بھی شامل ہے۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق وجہ پرانی دشمنی بتائی جارہی ہے۔علاقہ میں واقعہ کے بعدشدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ مقامی ذرائع اور ریسکیو1122 کے ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ منگل کے روزاس وقت پیش آیا جب تحصیل گمبٹ کے قریبی علاقہ تولنج جدید کے رہائشی ملک جلات خان کی نمازجنازہ شام ساڑھے پانچ بجے اداکی جارہی تھی کہ اس دوران ان کے مخالفین نے چاقوکے وار کرکے فائرنگ کی جس کی زدمیں آکردونوں فریقین کے دو افراد موقع پر جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ریسکیو ترجمان نے دو افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں مرحوم ملک جلات خان کا بیٹا تاج محمدبھی شامل ہے ۔ ریسکیوترجمان کے مطابق مخالف فریق کا ایک فرد فائرنگ کے تبادلہ میں جاں بحق ہوگیا ہے جسے لواحقین فوری طورپر اپنے ساتھ لے گئے جبکہ ریسکیو ٹیم نے جاں بحق ہونے والے تاج محمد کی لاش اور زخمی معظم نور ولدمحمدخلیل کو ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا ۔زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق علاقہ میں کشیدگی پائی جاتی ہے تاہم پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے اور حالات پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے۔