ڈکیتی مزاحمت پر شہری بے دردی سے قتل ، مقدمہ درج
میاں چنوں( اشعر نعمان چوہدری ) علامہ اقبال روڈ پر ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ایک شہری کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت غلام فاروق کے نام سے ہوئی ہے، جو آٹھ لاکھ روپے کی رقم لیکر جا رہا تھا
تفصیلات کے مطابق میاں چنوں تھانہ سٹی کی حدود علامہ اقبال روڈ پر انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ، شہری غلام فاروق حسب معمول اپنے کاروباری معاملات کے لئے آٹھ لاکھ روپے کی نقد رقم لے کر جا رہے تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انھیں روک کر رقم چھیننے کی کوشش کی،غلام فاروق کی جانب سے مزاحمت پر ڈاکوؤں نے بلا دریغ فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے،فائرنگ کے بعد ملزمان رقم موقع پر ہی چھوڑ کر فرار ہو گئے،واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں شواہد اکٹھے کئے گئے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا،ڈی ایس پی جمشید اکرم بھٹی کا کہنا ہے کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، اور ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا،انکا کہنا تھا کہ ملزمان کو چین سے نہیں سونے دیں گے ،”پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، اور علاقے میں سی سی ٹی وی فوٹیجز اور خفیہ ذرائع سے مدد لی جا رہی ہے۔