فنڈز کی کمی، تعمیر کیے گئے تھانے فعال نہ ہو سکے
لاہور (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام ) نگران دورِ حکومت میں تعمیر کیے گئے نئے پولیس اسٹیشنز تاحال فنڈز کی کمی کے باعث فعال نہیں ہو سکے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں نئے تھانوں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا تاہم ان تھانوں کو مکمل طور پر فعال کرنے میں شدید مالی رکاوٹیں سامنے آئی ہیں۔ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے رواں مالی سال میں تھانوں کو لاہورپولیس کے حوالے کیے جانا ہے،فرنیچرو دیگر اخراجات کے لئے لاہور پولیس نے آئی جی آفس سے 16 کروڑ روپے کا بجٹ مانگاتھا۔آئی جی آفس کی جانب سے تھانوں کے لیے 90فیصد بجٹ پرکٹ لگادیاگیا، کٹ لگانے کے بعد لاہور پولیس کو 16 تھانوں کے فرنیچر کے لئے 16 لاکھ کے فنڈز دیئے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق فنڈز کی کمی کے باعث سمن آباد ، ملت پارک ، نواں کوٹ تھانوں کوفعال نہ کیاجاسکا،شیراکوٹ سمیت 16تھانوں کی بلڈنگز مکمل ہونے کے باوجود تھانوں کو فعال نہ کیا جا سکا،آئندہ مالی سال میں ملنے والے فنڈز سے تھانوں کو مکمل فعال کر دیا جائیگا۔
٭٭٭٭٭