ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ کا ضلع سیالکوٹ کا وزٹ
گوجرانوالہ(رانا عبدالغفار خاں )انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ طیب حفیظ چیمہ نے ضلع سیالکوٹ کے وزٹ کے دوران تھانہ نیکا پورہ اور تھانہ صدر سیالکوٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور شہریوں کے مسائل سنے اور کہاکہ کھلی کچہری کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان حائل فاصلوں کوکم کرکے نہ صرف انصاف کے تقاضے پورے کرنا ہے بلکہ معاشرے کو امن کا گہوارہ بھی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری پولیس کی آنکھ اور کان کا کردار ادا کریں اور منشیات فروشی،ناجائز اسلحہ و دیگر جرائم کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پولیس کا ساتھ دیں۔آر پی اوطیب حفیظ چیمہ نے شہریوں کے مسائل سنے اور اُنکے حل کے لیے فوری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو حق حاصل ہے کہ اپنی شکایت درج کروانے کے لئے جس وقت چاہے ہمارے دفاتر میں آسکے، عوام الناس کے لیے ہمارے دفاتر کے دروازے دن،رات کھلے ہیں۔سیالکوٹ شہر امن پسند لوگوں کا شہر ہے جہاں پر تمام مکاتب فکر کے لوگ آپس میں رواداری اور پیار محبت سے زندگی بسر کر رہے ہیں۔