ڈاکٹر ثوبان ضیاء کا ٹی ایچ کیو ہسپتال شجاع آباد کا اچانک دورہ
شجا ع آباد (اظہرتاج قریشی)چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان ڈاکٹر ثوبان ضیاء نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر تیمور آصف خان کے ہمراہ گذشتہ رات گئے ٹی ایچ کیو ہسپتال شجاع آباد کا اچانک دورہ کیا، جس میں ہسپتال کی انتظامی اور صفائی ستھرائی کی صورتحال غیر تسلی بخش پائی گئی۔ایم ایس کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ۔معائنے کے دوران ایمرجنسی وارڈ میں سکر مشین ناکارہ حالت میں ملی، انتظار گاہ کے بینچز انتہائی خستہ، جبکہ ایکس رے روم اور ایمرجنسی ایگزٹ گیٹ بند پائے گئے۔ ادویات کی فہرست نمایاں نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا اور ایچ آر آفیسر نے متعلقہ ذمہ دار کو 24 گھنٹوں میں LCD فعال کرنے کی ہدایت دی۔ سی ای او نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی ناقص کارکردگی پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا اور 24 گھنٹوں میں وضاحت طلب کی کہ ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کیوں نہ کی جائے۔ مزید برآں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (پریوینٹیو سروسز) کو ایک ہفتے بعد فالو اپ وزٹ کر کے بہتری کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی، تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سیکریٹری ہیلتھ محترمہ نادیہ ثاقب کے ویژن کے مطابق اداروں میں شفافیت اور بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔