چیف آفیسر بلدیہ ظفر حسین بھٹی کا پرانی عدالت ٹیکسی اسٹینڈ کا دورہ
شجاع آباد (اظہرتاج قریشی) چیف آفیسر میونسپل کمیٹی شجاع آباد ظفر حسین بھٹی نے گزشتہ روز پرانی عدالت ٹیکسی اسٹینڈ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میونسپل کمیٹی کی ملکیتی کمرشل دوکانوں کے کرایہ داروں سے کرایہ کے حوالے سے معلومات حاصل کیں دورے کے دوران بعض دوکانداروں نے کرایہ کی اصل صورتحال چھپانے اور ٹال مٹول سے کام لینے کی کوشش کی۔ اطلاعات ہیں کہ میونسپل کمیٹی کے بعض افسران اور عملے کی ملی بھگت سے بھی حقائق پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی گئی چیف آفیسر ظفر حسین بھٹی نے موقع پر ہی سابق عدالت کے رقبے کی پیمائش کے احکامات جاری کر دیے تاکہ اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ یہ رقبہ تیرہ کنال ہے یا اس سے زائد۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ میونسپل کمیٹی کی کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی زمین ہے جسے کسی صورت رہڑی بازار کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا ان کا مزید کہنا تھا کہ اس جگہ کو عوامی مفاد میں استعمال کیا جائے گا، یہاں یا تو پارک بنایا جائے گا یا کمرشل مارکیٹ تعمیر کر کے اس کی نیلامی کی جائے گی۔ چیف آفیسر کے مطابق دوکانوں کی پیمائش کے بعد ان کی نیلامی کے لیے اشتہارات جاری کیے جائیں گے اور تعمیراتی کام کرایہ دار اپنی مدد آپ کے تحت کریں گے۔ اگر کوئی کرایہ دار کاروبار جاری نہ رکھ سکا تو وہ صرف اپنا ملبہ کی قیمت میونسپل کمیٹی سے وصول کر سکے گا جبکہ میونسپل کمیٹی ان دوکانوں کو دوبارہ آگے دینے کی مجاز ہو گی عوامی حلقوں نے چیف آفیسر بلدیہ کے اس اقدام کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ میونسپل کمیٹی کی قیمتی زمینوں کا درست استعمال یقینی بنایا جائے گا