ہائیکورٹ نے سوتن سے بچوں کی عدم بازیابی پر ڈی پی او گجرات کو طلب کرلیا
لاہور ( آئی این پی)لاہور ہائیکورٹ نے سوتن سے بچوں کی عدم بازیابی پر ڈی پی او گجرات کوذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دےدیا ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمدامجدرفیق نے شہری خاتون سمیرا محمود کی درخواست پرسماعت کی۔درخواست گزارخاتون نے سوتن سے دس سالہ بیٹی اور بارہ سالہ بیٹے کی بازیابی کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ دوران سماعت ایس ایچ او تھانہ صدر گجرات وارث علی نے رپورٹ پیش کی اوربتایا کہ سمیرا محمود پہلی جبکہ شبنم محمد افضل کی دوسری بیوی ہے، درخواست گزارسمیرا محمود نے شوہرافضل سے مل کر سوتن شبنم کو فائرنگ کروا کرزخمی کروایا، شبنم بی بی نے سمیرا اور اس کے خاوند افضل کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کروا رکھا ہے، درخواست گزارسمیرا نے خاوند سے مل کر سوتن کو دباﺅمیں لانے کیلئے اس پر دوبچے اغوا ءکرنے کا کیس کیا، محمد دل نواز اورسحر فاطمہ کے اغوا ءکا بے بنیاد مقدمہ بنایا گیا ہے،ایس ایچ او کے مطابق بچے شبنم بی بی کے پاس نہیں۔ عدالت نے ایس ایچ اوکی رپورٹ پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او گجرات کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔