کرائمز

160سے زائد خطرناک عمارتوں کی نشاندہی، مالکان کو نوٹسز جاری

شجاع آباد(اظہرتاج قریشی) مون سون بارشوں کے پیش نظر میونسپل کمیٹی کا شہر بھر میں سروے،160سے زائد خطرناک عمارتوں کی نشاندہی، مالکان کو نوٹسز جاری، خطرناک عمارتوں کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز۔تھانہ سٹی شجاع آباد کو درخواست دے دی گئی۔تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں کے پیش نظر میونسپل کمیٹی شجاع آباد نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں خطرناک اور خستہ حال عمارتوں کا سروے مکمل کر لیا ہے۔ متعدد غیرمحفوظ اور خطرناک تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے، جنہیں شدید خطرے کے پیش نظر فوری طور پر منہدم کرنے کے لیے مالکان کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔بعض عمارتوں کے مالکان نے سابقہ وارننگز کے باوجود کسی قسم کا عملی اقدام نہیں اٹھایا جس پر اب قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایسے مالکان جو مقررہ مدت میں خطرناک عمارتوں کو مسمار نہیں کریں گے ان کے خلاف میونسپل کمیٹی اپنی مدعیت میں مقدمات درج کرائے گی، اس حوالے سے تھانہ سٹی شجاع آباد کو کارروائی کے لیے تحریری درخواست ارسال کر دی گئی ہے، تاکہ بلا تاخیر مقدمات درج کرکے کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ 160 سے زائد متاثرہ عمارتیں اندرون شہر سمیت اہم علاقوں میں واقع ہیں، جو انسانی زندگیوں کے لیے شدید خطرہ بن سکتی ہیں۔ ادھر شہری حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور لاء انفورسمنٹ انسپکٹر ذیشان شاہ کی جانب سے انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کی جانے والی اس بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے قابل تحسین قدم قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بلدیہ اسی عزم سے عمل جاری رکھے تو ممکنہ سانحات سے بچاؤ ممکن ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button