دو بار سزائے موت اور 9 لاکھ روپے ہرجانہ کی سزا
شجاع آباد(اظہرتاج قریشی)شجاع آباد ایڈیشنل سیشن جج شجاع آباد کی عدالت نے کمسن بچے سے زیادتی کے بعد بہیمانہ قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر مجرم محمد شہباز کو دو بار سزائے موت اور 9 لاکھ روپے ہرجانہ کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ مجرم مقتول کے لواحقین کو یہ ہرجانہ بطور معاوضہ ادا کرے گا۔ استغاثہ کے مطابق محمد شہباز نے سال 2023 میں تھانہ راجہ رام کی حدود میں 10 سالہ احسن عباس کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔ واقعے کی اطلاع پر تھانہ راجہ رام پولیس نے مقدمہ نمبر 305/23 بجرم 302/376 درج کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کی۔ پولیس نے محنت اور بھرپور کوشش کے بعد ملزم کو گرفتار کیا اور ٹھوس شواہد اکٹھے کرتے ہوئے مکمل تفتیش کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا۔ عدالت میں ٹرائل کے دوران تمام شواہد، گواہان اور فارنزک رپورٹس کی روشنی میں جرم ثابت ہوا، جس پر معزز عدالت نے مجرم کو دو بار سزائے موت اور 9 لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنائی۔ فیصلے کو مقتول کے ورثاء اور شہریوں کی جانب سے انصاف کی فتح قرار دیا جا رہا ہے