انسدادِ منشیات کارروائیاں، 7655 ملزمان گرفتار
لاہور (آئی این پی) لاہور پولیس کی جانب سے انسدادِ منشیات کارروائیوں کے نتیجے میں رواں سال 7655 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لا کر 7496مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے3755کلو چرس،669کلو آئس، 341 کلو ہیروئین، 263کلو افیون اور45485لیٹر شراب برآمدکی گئی ہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے پولیس افسران کو منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئس اور ہیروئین سمیت ماڈرن منشیات کے خاتمے کیلئے منظم اقدامات کئے جائیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے بچانے کیلئے منشیات کی سپلائی چین میں ملوث ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی منشیات سے پاک معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔