پنجاب کے بڑے دریاﺅں میں پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ
لاہور( آئی این پی)پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون بارشوں کی حالیہ صورتحال اوردریاﺅں میں سیلابی صورتحال کی رپورٹ جاری کردی،17اگست تک بارشوں سے پنجاب کے بڑے دریاﺅں میں پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال ہے۔پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 17 اگست تک مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے بڑے دریاﺅں میں پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے۔دریائے سندھ میں کالاباغ،تربیلا اور تونسہ کے مقام پرنچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے،چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے،جبکہ دریائے چناب میں خانکی اورمرالہ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے،دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پرنچلے درجے کا سیلاب ہے،دریائے جہلم اور راوی میں پانی کا بہا ﺅمعمول کی سطح پرہے۔رودکوہیوں اوربڑے دریاﺅںسے ملحقہ ندی نالوں میں بھی پانی کا بہا ﺅمعمول پرہے،جبکہ تربیلا ڈیم 96فیصد جبکہ منگلا ڈیم 67 فیصد تک بھر چکا ہے۔