قاضی احمد روڈ پر ٹریفک حادثہ، تین افراد جاں بحق، متعدد زخمی
نوابشاہ(نامہ نگار)قاضی احمد روڈ پر خیر شاہ اسٹاپ کے قریب تیز رفتار ٹرک، کار اور چنگچی رکشے کے درمیان ٹریفک کے خوفناک تصادم کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتاری کے باعث ٹرک بے قابو ہوکر سامنے سے آنے والی کار اور چنگچی رکشے سے ٹکرا گیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ گاڑیوں کے پرخچے اڑ گئے اور جائے حادثہ پر کہرام مچ گیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر پیپلز میڈیکل اسپتال نوابشاہ منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ٹرک کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور لاپرواہی ڈرائیونگ بتائی جا رہی ہے۔حادثے کے باعث قاضی احمد روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، جسے پولیس کی جانب سے بحال کرادیا گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔