کرائمز

سابق ایلیٹ فورس ملازم بھاری منشیات سمیت گرفتار

بہاول پور( نامہ نگار)سابق ایلیٹ فورس ملازم بھاری منشیات سمیت گرفتار، منشیات مافیا کے خلاف پولیس کی بڑی کارروائی ،بہاولپور میں منشیات مافیا کے خلاف پولیس کی تاریخ ساز اور بڑی کارروائی سامنے آ گئی، جہاں قانون کے محافظ ہی قانون شکن نکلے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور کے سخت اور دوٹوک احکامات پر پولیس چوکی نور پور نورنگا اور تھانہ مسافر خانہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سابق ایلیٹ فورس ملازم امیر بخش عرف میرا مسانی ولد بشیر احمد سکنہ بستی مسانی گلن ہٹی کو بھاری مقدار میں منشیات سمیت گرفتار کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم عرصہ دراز سے منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث تھا اور مختلف علاقوں میں منشیات کی ترسیل اور سپلائی کا اہم کردار ادا کر رہا تھا۔ پولیس نے مخبر کی مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ابتدائی تفتیش میں ملزم کے منشیات نیٹ ورک، سہولت کاروں اور ممکنہ سرپرستوں سے متعلق اہم شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور اس کارروائی کے نتیجے میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ڈی پی او بہاولپور نے واضح کیا ہے کہ منشیات فروش چاہے کسی بھی ادارے یا پس منظر سے تعلق رکھتا ہو، قانون سے بالاتر نہیں۔ معاشرے سے منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے پولیس کی بلاامتیاز اور زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button