کرائمز

کلاس روم کا شیڈ گرنے سے طالبہ کے جاں بحق ہونے کا نوٹس

سی ای او ایجوکیشن اور پرنسپل کو حراست میں لے لیا گیا ہے ، طالبہ کو ایک گھنٹہ تاخیر سے ہسپتال پہنچایا گیا ، غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ، جانبحق طالبہ میری بیٹی جیسی تھی، حادثہ پر دلی رنج ہے ، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی پسرور آمد، جائے حادثہ کا معائنہ ،بریفنگ لی، طالبہ کے والدین سے اظہار تعزیت

سیالکوٹ( عشرت انصاری) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے پسرور میں گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول بڈیانہ میں زیر تعمیر کلاس روم کا شیڈ گرنے سے آٹھویں جماعت کی طالبہ کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعہ کا سخت نوٹس لے لیا۔ صوبائی وزیر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر فوری طور پر سیالکوٹ پہنچے اور جائے حادثہ کا دورہ کیا۔
سکول پہنچنے پر انہیں واقعہ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن مدثر حیات ملک، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی اور اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار بھی موجود تھیں۔ اسسٹنٹ کمشنر پسرور نے صوبائی وزیر کو حادثے کی وجوہات اور ابتدائی تحقیقات سے متعلق آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر رانا سکندر حیات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر سیالکوٹ آئے ہیں اور اس افسوسناک واقعہ کے ذمہ داران کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں محکمہ ایجوکیشن کے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور سی ای او ایجوکیشن اور سکول پرنسپل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کنٹریکٹر اور متعلقہ انجینئر کو بھی کل تک گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعہ میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سی ای او ایجوکیشن نے دو روز قبل سکول کا دورہ کیا تھا تاہم مناسب حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے، جو کہ سنگین غفلت ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ متاثرہ طالبہ کو ہسپتال ایک گھنٹہ تاخیر سے منتقل کیا گیا، جس کی بھی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ آٹھویں جماعت کی طالبہ ان کی اپنی بیٹی جیسی تھی اور اس سانحہ پر انہیں دلی رنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندان نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کیا ہے، تاہم قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری رہیں گی۔
بعد ازاں صوبائی وزیر نے جائے حادثہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں زیرِ تعمیر منصوبوں کا فوری حفاظتی آڈٹ کیا جائے اور تعمیراتی کام کے دوران طلبہ و طالبات کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم نے واقعہ کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے جانبحق طالبہ کے گھر جاکر اس کے والدین سے اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button