پنجاب میں سکیورٹی ہائی الرٹ، غیر قانونی تارکین کا انخلاء تیز
لاہور (بی این این )موجودہ سرحدی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی جبکہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کا عمل بھی تیز کردیا گیا ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اب تک لاہور سمیت پنجاب بھر سے 32ہزار 588افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جاچکا ہے، 90غیر قانونی مقیم افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پورٹ ہونیوالوں میں 12ہزار 273مرد، 6661خواتین، 13ہزار 654بچے شامل ہیں، ڈی پورٹ ہونے والوں میں رہائشی ثبوت رکھنے والے 10419، افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے 11098، غیر قانونی مقیم 11071غیر ملکی شامل ہیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، تمام غیر قانونی مقیم افراد کا انخلا یقینی بنایا جائے، پنجاب پولیس عالمی قوانین کے تحت غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔